23مارچ تجدید عہد کا دن ہے، ہمیں پاکستان کے ہر شہری کے لئے مساوی مواقع فراہم کرنے اورملک بنانے کاعزم کرنا چاہیئے، ڈاکٹر ربابہ بلیدی

ہفتہ 23 مارچ 2024 20:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2024ء) رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے یوم پاکستان کے موقع پر 23مارچ کو تاریخی دن قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی پرخلوص اور انتھک محنت اور تحریک پاکستان کے دیگر رہنمائوں کے مثالی ایثار اور قربانیوں پر پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے کہ تحریک آزادی میں مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کے ساتھ ساتھ اس وقت کی متحرک خواتین نے بھی وطن عزیز کی آزادی کیلئے بھر پور کردار ادا کیا اور اس تاریخی قرار دادنے قوم کو قوت اور جلا بخشی، آزادی کی خاطر لاکھوں افراد نے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کیا اور جلد ہی پاکستان حقیقت کاروپ دھار گیا ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نےاے پی پی سے با ت چیت کرتے ہو ئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی پر جوش قیادت کے تحت 23مارچ 1940 کو منظور کی جانے والی قرار داد پاکستان نے ہماری تاریخ کا رخ ہی بدل ڈالا اس کی مضبوط بنیاد تحریک آزادی کے رہنمائوں اور ان جیسے دور اندیش اور عظیم قائدین کے افکاراور تاریخی جدو جہد نے فراہم کی اور اس امر میں بھی کوئی شبہ نہیں کہ قوم ان کی بصیر ت سے رہنمائی حاصل کرکے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن کرسکتی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے ہمیں پاکستان کے ہر شہری کے لئے مساوی مواقع فراہم کرنے اورملک بنانے کاعزم کرنا چاہیئے۔