آئی ٹی اورریسرچ میں صوبے کوخودمختارکریں گے‘ رانا سکندرحیات

تعلیمی ریفارمزمشاورت اور تمام سٹیک ہولڈرزکے ساتھ ملکرلائیں گے‘ وزیر تعلیم پنجاب

ہفتہ 23 مارچ 2024 21:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ آئی ٹی اور ریسرچ میں صوبے کو خودمختار کریں گے،کرپشن نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہے، ہم تعلیمی اصلاحات لائیں گے، سکول تین شفٹوں میں شروع کریں گے، کوئی فیصلہ خود نہیں، مشاورت سے کریں گے، تعلیمی ریفارمز تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر لائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظریہ پاکستان ٹرسٹ میں یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومیں جدوجہد اور قربانیوں سے بنتی ہیں۔ آج ہم دو قومی نظریہ کی بدولت یہاں موجود ہیں۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ ہمیں نئی نسل میں ’’ہم ملک کو کیا دے سکتے ہیں‘‘ والی سوچ منتقل کرنی ہے۔

(جاری ہے)

طلبہ ایک مقصد بنا کر خود سے عہد کر لیں کہ ملک کیلئے کیا کریں گے اور عزم کریں کہ وہ آگے بڑھنے کیلئے پیدا ہوئے ہیں۔

انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ ہمیشہ بڑے خواب دیکھیں، بڑے فیصلے کریں اور ان کا پہرہ دیں، یونہی کامیابی ان کا مقدر ہوگی۔ رانا سکندر حیات نے طلبہ سے ملک کا وقار عالمی سطح پر بحال کرنے اور بھرپور محنت کا وعدہ بھی لیا۔ اس موقع پر وزیر تعلیم نے موضوع کی مناسبت سے تقاریر، مضمون نویسی، مصوری و دیگر مقابلوں کے فاتح طلبہ میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک علم کی روشنی سے معرض وجود میں آیا۔ آنے والی نسلوں کو نظریہ پاکستان سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔ اس ضمن میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ تمام سکولوں کے طلبہ میں اس نظریے کی ترویج کی ذمہ داری بھرپور انداز میں نبھائے۔ بعد ازاں انہوں نے گریٹر اقبال پارک میں پاکستان کے نام کا پودا بھی لگایا۔