آئی ٹی وریسرچ میں صوبے کو خودمختار ، سکول تین شفٹوں میں شروع کریں گے، رانا سکندر حیات

ہفتہ 23 مارچ 2024 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2024ء) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ آئی ٹی اور ریسرچ میں صوبے کو خودمختار کریں گے، تعلیمی اصلاحات اور سکول تین شفٹوں میں شروع کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظریہ پاکستان ٹرسٹ میں یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومیں جدوجہد وقربانیوں سے بنتی ہیں اورآج ہم دو قومی نظریہ کی بدولت یہاں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ ہمیں نئی نسل میں "ہم ملک کو کیا دے سکتے ہیں" والی سوچ منتقل کرنی ہے، طلبہ ایک مقصد بنا کر خود سے عہد کر لیں کہ ملک کیلئے کیا کریں گے اور عزم کریں کہ وہ آگے بڑھنے کیلئے پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ ہمیشہ بڑے خواب دیکھیں ، بڑے فیصلے کریں اور ان کا پہرہ دیں، کامیابی ان کا مقدر ہوگی۔ اس موقع پر وزیر تعلیم نے موضوع کی مناسبت سے تقاریر، مضمون نویسی، مصوری و دیگر مقابلوں کے فاتح طلبہ میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔