سیالکوٹ ، ٹریول ٹو لائٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹ اور پاکستان فسیلیٹیشن سینٹر فار ڈس ایبل کے زیراہتمام معذور افراد کے لیے تقریب

اتوار 24 مارچ 2024 14:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2024ء) سیالکوٹ میں ٹریول ٹو لائٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹ اور پاکستان فسیلیٹیشن سینٹر فار ڈس ایبل کے زیراہتمام معذور افراد کے لیے ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ٹریول ٹو لائٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹ ارم ناز اورچیرمین پاکستان فسیلیٹیشن سینٹر فار ڈس ایبل مرزا عمران بیگ نے تقریب کے شرکاء سےخطاب کیا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن ٹریول ٹو لائٹ مس ارم نازکا کہنا تھا کہ معذور افراد معاشرے کی زیادہ توجہ کے مستحق ہیں تاکہ انہیں احساس محرومی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریول ٹو لائیٹ تنظیم مستحق و معذور افراد کے لیے کام کرر ہی ہے جس کا مقصد ان لوگوں کی بہتر رہنمائی اور انہیں ان کے مقاصد کے حصول میں کامیاب بنانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم اپنا کام صرف رضا خداوندی کے حصول کے لیے کر رہے ہیں اور بے شک میرا رب بہتر اجر دینے والا ہے۔

سیالکوٹ کی تاجر برادری کے قائد ریاض الدین شیخ کی جانب سے ڈیڑھ سو سے زائد معذور افراد میں عیدی بھی تقسیم کی گئی جبکہ ایگزیکٹو ممبر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اعجاز احمد غوری نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی اور بینائی سے محروم معذور افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے بہتر مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تقریب میں نظامت کے فرائض اسسٹنٹ پروفیسر امارا چوہدری نےسرانجام دئیے۔اس موقع پر سی ای او گولڈ سٹار سکندر حیات ، صدر ٹریول ٹو لائٹ محمد قاسم رئوف، اخوت فائونڈیشن سے مس امارہ مرید، صفیہ فائونڈیشن سے مس شمسہ سمیت مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر یہاں موجود تھی۔جنرل سیکرٹری ٹریول ٹو لائٹ احسن ریاض اور دیگر مہمانان خصوصی نے معذورافراد میں تحفے تقسیم کیے اور ان کی مستقبل میں کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ٹریول ٹو لائٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹ اور پاکستان فسیلیٹیشن سینٹر فار ڈس ایبل کی جانب سے معذورافراد کے لیے شاندار افطارڈنر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ تقریب کے آخر میں جنرل سیکرٹری ٹریول ٹو لائٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹ احسن ریاض نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔