کالعدم ٹی ٹی اے کی سیکیورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کی ویڈیو منظرعام پر آگئی

ویڈیو میں کالعدم تحریک طالبان افغانستان کا سرغنہ یحییٰ حافظ گل بہادر گروپ کے دہشتگردوں کو ہدایات دے رہا ہے ویڈیو میں پاکستان میں داخلے کے لیے تیار تشکیل کو ضابطہ سمجھانے اور زخمیوں کو پیچھے نہ چھوڑنے کی ہدایات بھی دی جاتی ہیں، رپورٹ

اتوار 24 مارچ 2024 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) کالعدم تحریک طالبان افغانستان (ٹی ٹی ای) کی دہشت گردوں کے ساتھ مل کر پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افغانستان کے علاقے ڈانگر الگد (Dangar Algad)میں موجود کالعدم تحریک طالبان افغانستان (ٹی ٹی ای) کا سرغنہ یحییٰ حافظ گل بہادر گروپ کے دہشتگردوں کو ہدایات دے رہا ہے کہ آپ نے پاکستانی پوسٹوں پر حملہ کرنا ہے۔

ویڈیو میں کالعدم ٹی ٹی اے کا کمانڈر دہشت گردوں کو بتا رہا ہے کہ ہم پاکستان سے بدلہ لینے کے لیے تیار ہیں، منصوبے کے مطابق 6 راکٹ چلانے والے ہوں گے اور 6 ان کے معاونین، اسی طرح 2 لیزر والے ہوں گے اور 2 ان کے ساتھ معاونین جبکہ ایک بندہ سنائپر بھی ہوگا، یہ سب مجاہدین امیر المومنین شیخ عباداللہ کے احکامات پر تیار ہیں۔

(جاری ہے)

ٹی ٹی اے کمانڈر یحییٰ ویڈیو میں خودکش بمبار کو بھی دیکھا جا سکتا ہے، دہشتگرد پاکستان کے خلاف لڑنے پر رضامندی کا اظہار کرتے ہیں، ویڈیو میں پاکستان میں داخلے کے لیے تیار تشکیل کو ضابطہ سمجھانے اور زخمیوں کو پیچھے نہ چھوڑنے کی ہدایات بھی دی جاتی ہیں۔

ویڈیو اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ ٹی ٹی اے پاک افغان سرحد سے سکیورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور دہشت گردوں کو پوری مدد فراہم کرنے میں مصروف ہے۔یاد رہے کہ پاکستان مسلسل افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کرتا آ رہا ہے کہ کابل حکومت دہشتگردوں کو اپنی سر زمین استعمال نہ کرنے دیں۔