رمضان المبارک عبادات اور طلب مغفرت کا وہ مہینہ ہے جس کی ہر ساعت غنیمت اور قیمتی عطیہ ہے ،مفتی محمد ارسلان

پیر 25 مارچ 2024 15:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) معروف مذہبی سکالر مفتی محمد ارسلان نے کہا ہے کہ ر مضان المبارک کا پہلا عشرہ رحمت دوسرا عشرہ مغفرت تیسرا جہنم سے آزادی کا ہے ، رمضان المبارک رحمتوں ہمدردی اور خیر خواہی کا مہینہ ہے، یہ مہینہ عبادات تو بہ اور طلب مغفرت کے وہ قیمتی لمحات ہیں جن کی ہر ساعت غنیمت اور قدرت کا بے بہا قیمتی عطیہ ہے ہر مسلمان زیادہ سے زیادہ وقت اللہ تعالی کی رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے میں صرف کریں۔

(جاری ہے)

غریبوں، محتاجوں، کا خیال رکھیں احتساب نفس کے ذریعے اپنے کردار کو جھوٹ، فریب، دھوکہ اور بے ایمانی جیسی کراہتوں سے پاک کر لیا جائے مقدس مہینے کے قیمتی لمحات کو اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کا ذریعہ بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے علامہ اقبال بار ہال میں فیضان رمضان“ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ روزہ رکھنے کی روحانی کیفیت اور عقیدت سے دوستوں اور رشتے داروں کے اکھٹے ہونے اور اللہ سے تعلق جوڑنے کا موقع ہے۔ اس کے علاوہ لوگ اس مہینے میں ضرورت مند افراد کےلیے صدقہ، خیرات اور زکوۃ ادا کرتے ہیں تاکہ غریب نادار بھی اس مقدس مہینے اور عید کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔