وزیراعظم نے عام آدمی کے لیے رمضان ریلف پیکیج کی رقم 7.5 ارب روپے سے بڑھا کر 12.5 ارب روپے کر دی ہے، وفاقی وزیر جام کمال

پیر 25 مارچ 2024 23:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے رمضان ریلیف پیکیج کی رقم 7.5 ارب روپے سے بڑھا کر 12.5 ارب روپے کر دی ہے۔یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں یوٹیلٹی سٹورز کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹور پر تقریباً تمام اشیاء مناسب قیمت پر دستیاب ہیں اور یوٹیلیٹی سٹورز کا مقصد محض ریلیف کے لیے ایک قدم ہے۔وفاقی وزیر جام کمال نے کہا کہ پرائس کنٹرول میکنزم میں توازن پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو صنعت کو فروغ دینا ہے اور ملک میں توانائی کے بحران کے معاملے کو سنبھالنا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ چھ سے سات منصوبے پائپ لائن میں ہیں۔

امن و امان کی صورتحال کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے مسئلے کا جائزہ لینے اور امن و امان کی صورتحال کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کی صورتحال اور دیگر چیلنجز کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک پیج پر ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب ہم آئی ایم ایف سے قرضہ لیتے ہیں تو اسے اچھے طریقے سے واپس کرنا پڑتا ہے۔قبل ازیں وفاقی وزیر جام کمال نے یوٹیلیٹی سٹور کا دورہ کیا اور عوام کو فراہم کیے جانے والے ریلیف کی تفصیلات بارے معلومات حاصل کیں ۔