جوڈیشل کمیشن اجلاس،جسٹس ہاشم کاکڑ کو چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ ،سندھ ہائیکورٹ کے 6ایڈیشنل ججوں کو مستقل کرنے کی سفارش

پیر 25 مارچ 2024 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2024ء) جوڈیشل کمیشن نے جسٹس ہاشم خان کاکڑ کو چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعینات کرنے اور سندھ ہائیکورٹ کے 6ایڈیشنل ججوں کو مستقل کرنے کی متفقہ طور پر سفارش کردی۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں جوڈیشل کمیشن نے سندھ ہائیکورٹ کے 6ایڈیشنل ججز جسٹس عبدالرحمان، جسٹس جواد سروانہ، جسٹس ثناء منہاس، جسٹس خادم سومرو، جسٹس اعجاز اور جسٹس امجد کو متفقہ طور پر مستقل کرنے کی سفارش کی اور ان کی مستقلی کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی برائے ججز تقرری کو بھجوا دیا گیا۔

اجلاس میں قائم مقام چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس ہاشم خان کاکڑ کو چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا اور یہ معاملہ بھی حتمی منظوری کیلئے پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیا۔