شہباز شریف سے جرمن سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

پاکستان جرمنی کیساتھ دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،یورپ میں اہم شراکت دار تصور کرتا ہے، وزیراعظم کی گفتگو

پیر 25 مارچ 2024 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2024ء) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اسے یورپ میں اپنا ایک اہم شراکت دار تصور کرتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محمد شہباز شریف سے جرمنی کے سفیر ایمبیسیڈر الفریڈ گراناس نے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے اپنے دوبارہ انتخاب پر جرمن چانسلر اولاف شولز کے تہنیتی پیغام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کی موجودہ سطح کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جرمن سرمایہ کاری میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ وزیراعظم تجارتی وفد پاکستان بھیجنے کے اقدام کا خیرمقدم کیا اور جرمن سفیر کو یقین دلایا کہ وفد کے دورے کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے ہر طرح سے سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے جرمن چانسلر کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔جرمن سفیر نے کہا کہ جرمنی دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں مضبوطی کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔