نوجوانوں کو اعلی تعلیم کی فراہمی سے مالی و سماجی بحرانوں کا تدارک ممکن ہے، وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی

پیر 25 مارچ 2024 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2024ء) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ(پی سی ایس آئی آر) لیبارٹریز کمپلیکس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم فراہم کرکے ملک کے مالی و سماجی بحرانوں کا حل نکالا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آنے والا وقت بائیو ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا ہے، اس سلسلے میں ہمیں ابھی سے اپنی نوجوان نسل کو تیار کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوان، پاکستان کا سرمایہ ہیں، ان کی اعلیٰ تعلیم بالخصوص آئی ٹی ٹریننگ کورسز کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج برین ڈرین (brain drain) کی بات ہوتی ہے، ہم برین ٹرین (brain train) کی بات کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

خالد مقبول صدیقی نے پی سی ایس آئی آر ملازمین سے خصوصی طور پر بات چیت کی، ملازمین کی طرف سے تنخواہوں کی ادائیگیوں میں تاخیر کی شکایت پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد پہنچ کر یقینی بناں گا کہ اسی ہفتے تنخواہیں ادا کردی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے میں افرادی قوت کی کمی کے مسئلے کو بھی جلد حل کریں گے۔قبل ازیں خالد مقبول صدیقی کو پی سی ایس آئی آر لیبارٹریز کمپلیکس پہنچنے پر ادارے کی فعالیت اور کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں پی سی ایس آئی آر کے جاری منصوبوں، تکنیکی سرگرمیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے پی سی ایس آئی آر کے پراجیکٹس کو سراہتے ہوئے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے نئے منصوبوں کو جلد شروع کرنے پر زور دیا۔ وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کو پی سی ایس آئی آر لیبارٹریز کمپلیکس میں قائم 3 مختلف سائنسی مراکز کا دورہ بھی کروایا گیا۔