وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا پشاور کے شہریوں کی سہولت کے لیے ناصر باغ روڈ پر بی آر ٹی فیڈر روٹ شروع کرنے کا فیصلہ

پیر 25 مارچ 2024 22:00

) پشاور(آن لائن)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے پشاور کے شہریوں کی سہولت کے لیے ناصر باغ روڈ پر بی آر ٹی فیڈر روٹ شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ورسک روڈ تا ناصر باغ، رنگ روڈ کے باقی ماندہ حصے پر بھی کام جلد از جلد شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ عوامی سہولت کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے معمول سے ہٹ کر کام کیا جائے۔

وہ پیر کے روز وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں صوبائی دارالحکومت کی بیوٹیفیکیشن سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب خان کے علاؤہ وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ داؤد خان ، ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی خالد محمود اورن دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پشاور شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے مختلف امور اور تجاویز پر غور و خوص کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے عوام کی سہولت کے لئے ایک اہم قدم کے طور پرنپشاور کے پبلک پارکوں میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں جملہ معاملات کو حتمی شکل دے کر منظوری کے لئے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں مفت وائی فائی سروس کو دوسرے مرحلے میں صوبے کے دیگر ڈویڑنل ہیڈ کوارٹرز تک توسیع دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے پشاور شہر کی تزئین و آرائش کے لئے پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو ایک مفصل پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ سڑکوں کے اطراف لگے کھمبوں پر خوبصورت اور دلکش گملے نصب کرکے ان میں مصنوعی پودے اور پھول لگائے جائیں اور شہر کی تزین و آرائش کے لئے ایسے اقدامات کئے جائیں جو پائیدار ہوں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی ہے کہ شہر میں فلائی اوورز اور عمارتوں پر خطاطی اور نقش و نگار کیے جائیں اور ان نقش و نگار میں صوبے کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اس مقصد کے لئے نجی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے مستقبل میں کسی بھی تعمیراتی منصوبے کے پی سی ون میں بیوٹیفیکیشن کو بطور لازمی جز شامل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پشاور میں سٹریٹ لائٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے پر کام کیا جائے اور جہاں ضرورت ہو اور ہیڈ پلوں کی بجائے انڈر پاسز تعمیر کئے جائیں۔ وزیر اعلی نے یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کے رش کو کم کرنے کے لئے بی آر ٹی کوریڈور کے اطراف سڑک کی بحالی اور کارپیٹنگ کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔