فیصل آباد میوزیم کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ’’وال آف فیم‘‘ بھی تعمیر کی جائے گی، صدر ڈاکٹر خرم طارق

منگل 26 مارچ 2024 10:55

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) فیصل آباد میوزیم کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے علاوہ مزید قدیمی نوادارات کے علاوہ اس مردم خیز خطہ کے نامور سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ’’وال آف فیم‘‘ بھی تعمیر کی جائے گی۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے فیصل آباد میوزیم کے دورہ کے دوران کہی۔

انہوں نے علاقائی معاشرت اور تہذیب و تمدن کی ترقی کیلئے تاریخی ارتقا کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اپنی تاریخ کو بھول جانے والی قومیں ترقی نہیں کرتیں اس لئے ہمیں اپنی تاریخ کو کبھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے فیصل آباد کی تاریخ کو اجاگر کرنے کے سلسلہ میں اس میوزیم کے شاندار انتظامات کو سراہا اور کہا کہ اس کو تاریخ کے طلبہ کے ساتھ ساتھ عوام کیلئے بھی دلچسپ بنانے کی ضرورت ہے اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اس حوالے راہنمائی کا فریضہ سر انجام دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میوزیم کیلئے مزید تاریخی نوادرات حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ وہ فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی کو لے کر آئیں گے تاکہ وہ نہ صرف اس تاریخی اثاثے سے محظوظ ہو سکیں بلکہ اس کی بہتری کیلئے اپنا کردار بھی ادا کر سکیں۔ انہوںنے میوزیم کے بہترین انتظامات پر ڈائریکٹر خورشید جیلانی کی صلاحیتوں کو سراہا اور انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد اور نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :