بحیرہ اسود میں روسی بیڑا ناکارہ ہوگیا، برطانیہ کا دعوی

دو دن قبل ایک بڑے حملے میں یوکرین کی فوج نے برطانوی اسٹارم شیڈو میزائل استعمال کیے، وزیردفاع

منگل 26 مارچ 2024 15:38

بحیرہ اسود میں روسی بیڑا ناکارہ ہوگیا، برطانیہ کا دعوی
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) برطانیہ نے کہا ہے کہ یوکرین کی فوج نے روس کے بحیرہ اسود کے بحری بیڑے کو ناکارہ بنادیا ہے۔ اس جہاز پر اب صرف چار جہاز قابلِ استعمال حالت میں رہ گئے ہیں تاہم جنگ کی نوعیت اور شدت دیکھتے ہوئے یہ انتہائی ناکافی ہیں۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر دفاع گرانٹ شیپز نے ایک انٹرویو میں کہا کہ روسی بحری بیڑا اب کسی بڑی کارروائی کے قابل نہیں رہا کیونکہ دو دن قبل یوکرین کی فوج نے اِس کے دو بڑے لینڈ شپس یمل اور آزوف کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ ایک بڑا مواصلاتی مرکز اور بنیادی ڈھانچے کے دیگر اہم اجزا بھی تباہ کردیے ہیں۔

اوپن سروس انٹیلی جنس ذرائع نے بتایا کہ روسی بحری بیڑے پر تازہ ترین حملے میں برطانیہ کے فراہم کردہ اسٹارم شیڈو میزائل استعمال کیے گئے جبکہ روسی ملبلاگرز کہتے ہیں کہ یہ حملہ نیپچیون میزائل (اے ڈی ایم ون سکسٹی ڈیکائے میزائل)اور ڈرونز کے ذریعے کیا گیا۔یوکرین کی انٹیلی جنس نے بتایا کہ یمل کو پہنچنے والا نقصان بہت زیادہ ہے جس کے بعد اِسے ایکٹیو ڈیوٹی سے ہٹادیا گیا ہے۔برطانوی وزیر دفاع گرانٹ شیپز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یوکرین کے خلاف جنگ جاری رکھنا روسی فوج کو بہت مہنگا پڑ رہا ہے۔