Live Updates

پنجاب میں 100 فیصد مفت ادویات کی فراہمی جلد شروع کردی جائیگی‘ مریم نواز

لاکھ سے زائد رمضان نگہبان پیکیج تقسیم ہو چکے ،طلبہ کو لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹس بھی دیئے جائیں گے

منگل 26 مارچ 2024 16:09

پنجاب میں 100 فیصد مفت ادویات کی فراہمی جلد شروع کردی جائیگی‘ مریم نواز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں 100 فیصد مفت ادویات کی فراہمی کا عمل جلد شروع کردیا جائے گا۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور لیگی قائد میاں نواز شریف سے فیصل آباد کے اراکین کے قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی جس میں حلقوں کے مسائل کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں نوجوان کی ڈور پھرنے سے ہلاکت کا واقعہ بہت تکلیف دہ ہے اس کو نظر انداز نہیں کر سکتے، دھاتی ڈور بنانے، بیچنے اور خریدنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فیصل آباد میں ترقیاتی کاموں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ فیصل آباد میں 100سپیڈو اور میٹرو بس بھی لا رہے ہیں، کم آمدن والے ایک لاکھ گھروں میں فیصل آباد بھی شامل ہے، پنجاب حکومت عوام کی حکومت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 36اضلاع میں سالڈ ویسٹ کولیکشن کا جامع نظام لارہے ہیں، 3ماہ میں 18شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع ہو گا، دیہی اور بنیادی مراکز صحت کی 6 ماہ میں اصلاحات کریں گے۔وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب میں 48لاکھ سے زائد رمضان نگہبان پیکیج تقسیم ہو چکے ہیں، طلبہ کو لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹس بھی دیئے جائیں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات