شہر میں پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے،سی پی او ملتان

منگل 26 مارچ 2024 16:51

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) سی پی او ملتان صادق علی نے کہا ہے کہ شہر میں پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہےاور مختلف مقامات پر دور بین کے ساتھ اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جو پتنگ بازی کی صورت میں متعلقہ پولیس موبائل اور ڈولفن فورس کی ٹیم کو بذریعہ وائرلیس اطلاع کریں گے ۔

(جاری ہے)

منگل کو پریس کانفرس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صادق علی نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اپنی چھتوں کو پتنگ بازی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں بصورتِ دیگر پتنگ فروشوں، پتنگ بازی کرنے والوں اور پتنگ بازی میں ملوث ہر شخص کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سی پی او نے بتایا کہ پتنگ بازی نہ صرف ایک جان لیوا کھیل ہے بلکہ یہ ایک جرم ہے جس کی سزا تین سال قید اور ایک لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔سی پی او نے شہریوں سے درخواست کی کہ پتنگ بازی سے متعلق بزریعہ 15 پولیس کو اطلاع دے کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔