پاکستان ٹیلی وژن کو آئی سی سی 2025ء تک تمام 6 ایونٹس کےنشریاتی/ڈیجیٹل حقوق مل گئے

منگل 26 مارچ 2024 17:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) پاکستان ٹیلی ویژن نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے دسمبر 2025 تک کے مردوں اور خواتین کے کرکٹ کے تمام 6 ایونٹس نشر کرنے کے ٹریسٹیریل، کیبل اور ڈیجیٹل حقوق حاصل کر لئے ہیں۔ ایونٹس میں رواں سال ہونے والے مینز اور وویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ ٹورنامنٹس بھی شامل ہیں، ایونٹس میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025، انڈر 19 خواتین ٹی 20 ورلڈ کپ، آئی سی سی ورلڈ چیمپئن شپ فائنل 2025 اور آئی سی سی وویمن ورلڈ کپ 2025 شامل ہیں۔

منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق نشریاتی حقوق ملنے سے متعلق پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر سیّد مبشر توقیر شاہ نے کہا کہ پی ٹی وی کو آئی سی سی کے عالمی مقابلوں کے حقوق ملنا پی ٹی وی سپورٹس کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ان میچز کو ملک بھر کے کروڑوں شائقین تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہیں۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیوف ایلارڈائس نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کے حوالے سے اہم ملک ہے جہاں کرکٹ کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن کے ذریعے کرکٹ کے اہم مقابلے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچیں گے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی پی ٹی وی نے اب تک ہونے والے تمام ورلڈ کپ میچز اپنے ناظرین کو دکھائے ہیں۔

متعلقہ عنوان :