وزیر اعلٰی بلوچستان کی زیر صدارت اجلاس،کوئٹہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں و درپیش مسائل کا جائزہ

منگل 26 مارچ 2024 18:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں و درپیش مسائل کا جائزہ لینے کیلئے اعلٰی سطحی اجلاس منگل کو یہاں وزیر اعلٰی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی عبدالصبور کاکڑ، پرنسپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر عمران زرکون سپیشل سیکرٹری اسفندیار بلوچ، سیکرٹری خزانہ بابر خان، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نور احمد پرکانی، کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں عوام کو مختلف شعبوں میں معیاری خدمات کی فراہمی کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے منصوبوں ،گرین بس سروس کے روٹ میں توسیع و بسوں میں اضافے، میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ملکیت پراپرٹی کی لیز سے متعلق امور ، شہر میں جاری صفائی مہم کی پیش رفت اور مفاد عامہ میں ضروری قانون سازی سے متعلق معاملات زیر غور لائے گئے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ شہر پورے صوبے کا چہرہ ہے جہاں اندرون صوبہ اور پورے ملک سے لوگ آتے ہیں، شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ اور ٹریفک کے منظم نظام ، صفائی ستھرائی کی بہتر صورتحال اور عوام کو درپیش مشکلات کے خاتمے کیلئے اقدامات کو موثر بنانے کی ضرورت ہے، میٹروپولیٹن کارپوریشن کی اربوں روپے مالیت کی پراپرٹی کی ماہانہ آمدن پر نظر ثانی کرکے اس کو مارکیٹ ویلیو کے برابر لایا جائے تو یہاں سے حاصل ہونے والے وسائل سے کارپوریشن مالی طور پر خود مختار ہوسکتی ہے ،حیرت ہے کہ جناح روڑ اور وسط شہر میں موجود دکان کا کرایہ محض 25 روپے اور کیفے بلدیہ کا 55 روپے ہے۔

وزیر اعلٰی نے ہدایت کی کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ملکیت دکانوں اور پراپرٹی کے کرائے میں نظر ثانی کی جائے اور لیز ایگریمنٹ سے متعلق امور کابینہ کی تشکیل کے بعد پہلے اجلاس میں جامع تیاری کے ساتھ پیش کئے جائیں ،سرکاری پراپرٹی اور کمرشل سائٹس صاف شفاف انداز میں مسابقتی آکشن کے ذریعے لیز یا کرائے پر دی جائیں، وزیر اعلٰی نے محکمہ پی اینڈ ڈی کو ہدایت کی کہ کچلاک تا مستونگ عوام کو معیاری بس سروس کی فراہمی کے لئے منصوبہ تیار کیا جائے ،اس کے علاوہ عوامی مشکلات کے پیش نظر گرین بس سروس کے روٹ اور بسوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے ۔

وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مفاد عامہ سے متعلق تجاویز اور فیصلوں پر بلا تاخیر عمل درآمد شروع کیا جائے اور ایسی پیچیدگیاں پیدا نہ کی جائیں جس سے عوامی امور التواء کا شکار ہوں ۔ اجلاس میں کوئٹہ شہر سے باہر مجوزہ 2 مذبح خانوں کے قیام، ٹریڈلائسنس، میٹروپولیٹن لیز کی تجدید، پارکنگ پلازوں ، مری آباد میں تعمیر شدہ سرکاری عمارت کو آئی ٹی تعلیم کے لئے مختص کرنے اور عوام کی سہولت کے لیے متعدد منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔