بلوچستان یونیورسٹی کے پروفیسرز ،ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے حکومت سنجیدگی کیساتھ اقدامات کر رہی ہے ،سردار عبیداللہ گورگیج ،حاجی علی مدد جتک

منگل 26 مارچ 2024 18:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) ارکان بلوچستان اسمبلی نے کہا ہے کہ بلوچستان یونیورسٹی کے پروفیسرز اور دیگر ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے حکومت سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کر رہی ہے ، اساتذہ کرام گزشتہ کئی عرصے اپنے مطالبات کے حل کے لئے احتجاج کر رہے ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان نے احتجاج کانوٹس لیتے ہوئے ارکان اسمبلی پرمشتمل کمیٹی بنائی اورآج ہم یونیورسٹی آف بلوچستان کے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نمائندہ وفد سے ملاقات کیلئے آئے ہیں تاکہ مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جاسکے۔

یہ بات وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے بلوچستان یونیورسٹی کے ملازمین کے ساتھ مذاکرات کیلئے بنائی گئی 4رکنی کمیٹی کے ممبران سردار عبیداللہ گورگیج ،حاجی علی مدد جتک ،میر لیاقت لہڑی نے پیر کو یونیورسٹی آف بلوچستان کے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ممبران پروفیسر کلیم اللہ بڑیچ ، نعمت اللہ کاکڑ اوردیگر سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر خدائے نذر کبدانی ،ابرا رجعفر،شہزادہ کاکڑ،حاجی امین مینگل ،محمد رضا ریکی شاہ علی بگٹی ،نذیر احمد لہڑی،فرید خان اچکزئی ،نعمت اللہ کاکڑ،گل جان کاکڑاوردیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ارکان اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پروفیسر کے احتجاج کانوٹس لیتے ہوئے ارکان اسمبلی پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تاکہ وہ یونیورسٹی آف بلوچستان کے جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے ملاقات کرکے انکے مسائل معلوم کرکے انکے حل کیلئے تجاویز پیش کرسکے۔ انہوں نے کہاکہ پروفیسر قوم کے معمار ہیں جو نوجوان نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہے ہیں انکے مسائل حل کرناہماری ذمہ داری ہے۔