پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیرنےگوجرانوالہ میں اسٹیٹ آف دی آرٹ بزنس فیسلی ٹیشن سینٹر کے قیام کو خوش آئند قرار دیا

منگل 26 مارچ 2024 19:10

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیررحمت ہندریترا کوسوما نےگوجرانوالہ میں کاروباری سر گرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے جدید اور اسٹیٹ آف دی آرٹ بزنس فیسلی ٹیشن سینٹر کے قیام کو خوش آئند قرار دیا ہے ،انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ حکومت پنجاب کے اس کاروباراورعوام دوست اقدام سے کاروباری اداروں اورافرادکواین اوسیزکے حصول میں خاطر خواہ آسانی حاصل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ ملک کا ایک اہم صنعتی اورکاروباری شہرہونے کے ناطے ملکی اوربین لاقوامی سطح پر ایک منفرد اور اہم مقام رکھتا ہے ،ملکی معیشت کی ترقی وبحالی میں یہاں کے ہنرمندشاندارخدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کااظہارکمشنرآفس گوجرانوالہ میں بنائے بزنس فیسلی ٹیشن سینٹرکے دورے میں کیا۔کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدرشیرازی'مینجر بزنس فیسلی ٹیشن سینٹرسیدہ قرة العین اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

انڈونیشیاکے سفیرنے ایک ہی چھت تلے مختلف اداروں کے بنائے گئے فیسلی ٹیشن سینٹرکاؤنٹرز کو سراہتے ہو ئے کہاکہ اس کے ذریعے این او سی کے حصول میں خاطر خواہ آسانی آئے گی اورمختلف دفاتر کے چکر لگانے کی زحمت کا خاتمہ ہو گا۔ کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہو ئے بتایاکہ تمام اداروں اور محکموں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے دفاتر میں این اوسیز کے لئے تمام درخواستوں کی وصولی بند کرتے ہوئے صرف بزنس فیسلی ٹیشن سینٹر کو ایسی درخواستیں ریفر کریں جہاں پر تربیت یافتہ افسران اور سٹاف ممبران درخواستوں کے حوالہ سے ضرور ی رہنمائی فراہم کرتے ہو ئے بروقت این او سی کے اجراء کو یقینی بنا رہے ہیں۔

مینجر بزنس سنٹر سید ہ قرة العین نے بتایا کہ اب تک موصول ہونے والی تمام 685 درخواستیں متعلقہ محکموں کو بھجوا ئی جاچکی ہیں اور 597 این او سیز جاری کئے گئے ہیں جبکہ 70 پر کارروائی جاری ہے۔\378