مری،گلیات اور گردونواح میں بارش اور پہاڑوں پربرف باری کا امکان

منگل 26 مارچ 2024 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) محکمہ موسمیات نے مری،گلیات اور گردونواح میں 27 مارچ سے بارشوں اور پہاڑوں پربرف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے مری نے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے پیش نظر سیاحوں کے لئے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات نے مری،گلیات اور گردونواح میں 27 مارچ سے 31 مارچ کے دوران بارشوں، آندھی اور طوفان کا امکان ظاہر کیا ہے،اس دوران لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ مری نے این ڈی ایم اے کی ہدایات کے مطابق ایڈوائزری میں سیاحوں کو مری، گلیات اور گردونواح میں موسم کی صورتحال سے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہی کا کہا ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ سیاح آنے سے قبل موسم کی صورتحال کا جائزہ لیں۔ سیاح موسمی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا پروگرام ترتیب دیں۔ عوام الناس سفر پر نکلنے سے پہلے گاڑیوں کو اچھی طرح چیک کر لیں اور ضروری ساز و سامان ساتھ رکھیں۔ سیاح ایمرجنسی کی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ مری کے کنٹرول روم نمبرز 0519269015، 0519269016، 0519269018 پر رابطہ کریں۔