cلیاقت بلوچ نے بشام دہشت گردی واقعہ کی پرزور مذمت

منگل 26 مارچ 2024 20:45

+ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2024ء) قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے بشام دہشت گردی واقعہ کی پرزور مذمت کی ہے اور خودکش حملہ میں پانچ چینی شہریوں اور ایک پاکستانی کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے افسوسناک واقعہ کی فوری تفتیش اور ذمہ داران کو کڑی سزا کا مطالبہ کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ واقعہ پاک چین تعلقات اور سی پیک منصوبہ کو متاثر کرنے کی سازش ہے۔ سیکیورٹی حکام اور حکومت ملک میں موجود چینی شہریوں کی حفاظت یقینی بنائے اور واقعہ کی مکمل تفصیلات کے بارے میں چینی سفارت خانہ اور حکومت کو آگاہ کرکے اعتماد میں لیا جائے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کی جانب سے چینی حکومت، عوام اور سفارتخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاک چین تعلقات مضبوط ہیں اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کو عزت واحترام دیتے اور دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک کے دشمن اور ترقی مخالف عناصر کی نظر میں پاک چین تعلقات کھٹکتے ہیں اور ماضی میں بھی اس طرح کے ناپاک منصوبوں اور سازشوں سے انہیں ٹھیس پہنچانے کی کوششیں کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی اور استحکام کی بات کی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت چینی شہریوں سمیت ملک میں موجود تمام غیرملکیوں کی حفاظت یقینی بنائے۔