شرجیل انعام میمن کی شانگلہ میں دہشتگردی کے واقعے میں چینی شہریوں سمیت 6افراد کے ہلاکت کی مذمت

پوری قوم اس مشکل وقت میں چینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے، دہشتگرد نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لئے بھی خطرہ ہیں،سینئروزیرسندھ

منگل 26 مارچ 2024 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے شانگلہ میں دہشتگردی کے واقعے میں چینی شہریوں سمیت 6 افراد کے ہلاکت کی پرزور مذمت کرتے ہوئے گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ دہشتگردی کے گھنائونے فعل کی مذمت اور جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں، پوری قوم اس مشکل وقت میں چینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ دہشتگرد نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لئے بھی خطرہ ہیں، اس طرح کی گھنائونی کارروائیوں کے مرتکب افراد کی بیخ کنی کے لیے فورسز کی انتھک محنت کو سلام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امن، خوشحالی اور ہم آہنگی پر مبنی مستقبل کے لیے جاری کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی۔