برطانوی ہائی کمشنرکی شرجیل انعام میمن سے ملاقات

پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات، اور ان کو مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال

منگل 26 مارچ 2024 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) برطانوی ہائی کمشنر جین میریئٹ اور ڈپٹی ہائی کمشنر سارہ مونی نے کراچی میں سندھ کے سینئر منسٹر اور صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات، اور ان کو مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ملاقات کے موقع پر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے برطانوی ہائی کمیشن کے وفد کو سندھ حکومت کی کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا، صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے اپنے محکموں کی کامیابیوں سے متعلق بھی برطانوی ہائی کمشنر کو آگہی دی۔

(جاری ہے)

برطانوی ہائی کمشنر نے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر حکومت سندھ کی کاوشوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے سندھ میں خواتین کے لئے مخصوص پنک بس سروس کو بھی سراہا اور کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے پنک بس سروس ایک قابل تحسین اور قابل رشک قدم ہے۔

ملاقات کے موقع پر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے برطانوی ہائی کمیشن کے وفد کو بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے اس وقت بہت موزون ملک ہے، غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان آئیں اور یہاں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ غیر ملکی سرمایہ کار سندھ میں خاص طور پر ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں، سندھ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ ملاقات کے موقع پر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے معزز مہمانوں کو روایتی سندھ لنگی اور ٹوپی کے تحائف پیش کئے۔