وفاقی وزیراحسن اقبال کی چینی اہلکاروں پر حملے کی مذمت

آہنی دوستی کے بندھن میں بندھے پاکستان اور چین مل کر درپیش چیلنجز کا مقابلہ کریں گے،بیان

منگل 26 مارچ 2024 22:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ چینی اہلکاروں پر حملے کی شدید ترین مذمت کرتا ہوں،اس حملے کا نشانہ بننے والے چینی اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

منگل کو جاری بیان میں وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہاکہ اس بہیمانہ فعل کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک پر دوطرفہ تعاون میں خلل ڈالنا ہے جس میں سی پیک کے دشمن ناکام ہونگے، پاکستان چین کے اہلکاروں کو سکیورٹی فراہم کرنے کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتا ہے،پاکستان میں موجود سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے اہلکاروں کو ہر سطح پر سکیورٹی مہیا کی جائے گی۔

احسن اقبال نے کہا کہ حملے کی منصوبہ بندی اور اس میں ملوث اہلکاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، پاکستان چین کے اہلکاروں کی سکیورٹی مزید بہتر بناکر دوطرفہ تعاون کو مستحکم بنائے گا، آہنی دوستی کے بندھن میں بندھے پاکستان اور چین مل کر درپیش چیلنجز کا مقابلہ کریں گے، سی پیک کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان خوشحالی کا عزم ہر گزرے پل کے ساتھ مضبوط تر اور مستحکم ہوگا۔