امریکا ، ریاست فلوریڈا میں بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو محدود کرنے کا بل منظور

بدھ 27 مارچ 2024 09:10

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) امریکا کی ریاست فلوریڈا میں بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو محدود کرنے پر مبنی قانونی بِل کی منظوری دے دی گئی ۔واشنگٹن پوسٹ کےمطابق فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سانٹس نے14 سال سے کم عمر بچوں کے لئے سوشل میڈیا پیج کی ممانعت اور 14 سے 15 سالہ بچوں کے والدین کی اجازت سے سوشل میڈیا پیج بنا سکنے پر مبنی قانونی بِل کے بارے میں بیان جاری کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کی وجہ سے بچے ڈپریشن کا شکار ، خود کو نقصان پہنچاتے اور بعض اوقات خودکشی کر لیتے ہیں۔ مذکورہ بِل بچوں کی جنسی مواد والے صفحات تک رسائی کو بین اور والدین کو اپنے بچوں کی حفاظت کا امکان فراہم کرے گا۔ توقع ہے کہ قانون یکم جنوری 2025 کو نافذ کر دیا جائے گا۔واضح رہے کہ فلوریڈا کی اسمبلی نے 25 جنوری کو والدین کی منظوری لئے بغیر 16 سال سے کم عمر بچوں کے لئے سوشل میڈیا کا استعمال محدود کرنے پر مبنی قانونی بِل کی منظوری دے دی تھی لیکن ڈی سانٹس نے اس موقف سے کہ بِل منظور کر کے والدین کے حقوق کی خلاف ورزی کی گئی ہے ،بِل کو ویٹو کر دیا تھا۔