صنفی کرائم سے متعلقہ کیسز پر زیرو ٹالرنس پالیسی یقینی بنائیں،سی سی پی او لاہور

بدھ 27 مارچ 2024 13:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) کیپٹل سٹی پولیس آفیسر بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں خواتین سے متعلقہ جرائم کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہواجس میں زیر ِ تفتیش مقدمات پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ ترجمان کے مطابق سی سی پی او نے خواتین سے متعلقہ زیر ِ التوا مقدمات کو جلد سے جلد نمٹانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ سے پرانا مقدمہ زیر ِ تفتیش نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ افسران صنفی کرائم سے متعلقہ کیسز پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے سپروائزری افسران کو خواتین سے متعلقہ زیر ِ تفتیش مقدمات پر پیش رفت کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین سے متعلقہ جرائم کے کیسز میں متاثرین کی بروقت داد رسی کےلئے سپروائزری افسران اپنی نگرانی میں ٹھوس اقدامات کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تفتیشی افسران فرانزک سائنس لیبارٹری اور پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ بہتر کوارڈینشن سے ایسے کیسز کو جلد منطقی انجام تک پہنچائیں تاکہ مظلوم کو انصاف مل سکے۔سی سی پی اونے جرائم کے مرتکب ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے اورسائنٹیفک بنیادوں پر مقدمات کی تفتیش عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کو سزا دلوانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر کا بروقت اندراج، میرٹ پر تفتیش اور مظلوم کو انصاف کی فراہمی پولیس کا اہم فریضہ ہے۔

بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ خواتین اور بچوں سے ظلم و تشدد کے واقعات کی روک تھام لاہور پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔ترجمان کے مطابق اجلاس میں ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن) ذیشان اصغر، ڈی آئی جی(آرگنائزڈ کرائم یونٹ) عمران کشور، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری، ڈویژنل ایس پیز (انوسٹی گیشن) اور انچارجز(ایس ایس آئی او یو)نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :