لاہورہائیکورٹ نے فیصل آباد کا ماسٹر پلان کالعدم قرار دے دیا

بدھ 27 مارچ 2024 13:35

لاہورہائیکورٹ نے فیصل آباد کا ماسٹر پلان کالعدم قرار دے دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے دائر درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے فیصل آباد کا ماسٹر پلان کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے باور کرایا کہ ماسٹر پلان ماحولیات سے مطابقت نہیں رکھتا، محکمہ ماحولیات سے این اوسی لئے بغیر ماسٹر پلان نہیں بنایا جا سکتا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے فیصل آباد کے ماسٹر پلان کے خلاف دائر درخواست پر بدھ کو سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت درخواست گزاروں کے وکلا وقار اے شیخ اور شہزاد شوکت نے دلائل دیے اور موقف اختیار کیا کہ فیصل آباد میں ترقیاتی منصوبوں کے ماسٹر پلان میں رولز اور قوانین کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے، متعلقہ حکام نے بھی نوٹس نہیں لیا ۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ ماسٹر پلان پہلے بنایا گیا جبکہ ریگولیشنز بعد میں جاری کی گئیں جوغیر قانونی ہیں، ماسٹر پلان کے بنانے میں اراکین اسمبلی کی مداخلت غیر قانونی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی فیصلہ سازی میں اراکین کی شمولیت کا کوئی قانونی جواز نہیں۔عدالت نے فیصل آباد کا ماسٹر پلان غیرقانونی قرار دیتے ہوئے غیرجانبدار کنسلٹنٹ مقرر کر کے ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لینے کا بھی حکم دے دیا۔