ایڈیشنل آئی جی ٹریفک کے احکامات پر صوبہ بھر کے سی ٹی او ، ڈی ٹی او کو موٹر سائیکلوں پر سیفٹی وائر لگانے کا مراسلہ جاری

تمام افسران اپنے اضلاع میں پتنگ بازی کے دوران روڈ یوزرز کی حفاظت کیلئے فوری اقدامات عمل میں لائیں‘ فاران بیگ

بدھ 27 مارچ 2024 15:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ کے احکامات پر ایس ایس پی ہیڈ کوارٹرز سید غضنفر علی نے صوبہ بھر کے سی ٹی او اور ڈی ٹی او کو موٹر سائیکلوں پر سیفٹی وائر لگانے کا مراسلہ جاری کر دیا۔مرزا فاران بیگ نے کہا ہے کہ تمام افسران اپنے اضلاع میں پتنگ بازی کے دوران روڈ یوزرز کی حفاظت کیلئے فوری اقدامات عمل میں لائیں،موٹر سائیکل سواروں کو قاتل پتنگ کی ڈور سے محفوظ رکھنے کیلئے سیفٹی وائرکے استعمال کو یقینی بنائیں،ٹریفک افسران و جوان شاہراہوں پر روڈ یوزرز کو پتنگ کی ڈور سے سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کریں ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد ہے،سیفٹی وائر لگانے سے قیمتی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے،ٹریفک پولیس تمام شہریوں کو سیفٹی وائر کی افادیت کے بارے میں بتائے،ایجوکیشن یونٹ پبلک مقامات پر سیفٹی وائر کی اہمیت کے حوالے سے لوگوں کو بریف کرے،ڈرائیونگ سکولز کے اندر سٹوڈنٹس کو سیفٹی وائر کے حوالے سے بتایا جائے۔

(جاری ہے)

موٹر سائیکل لائسنس کے حصول کے لیے آنے والے شہریوں کو بھی سیفٹی وائرس کی افادیت کے بارے میں بتایا جائے۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی نشاندہی پر ضلعی پولیس پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لا رہی ہے، پتنگ بازی ایک خونی اور جان لیوا ء کھیل ہے اس سے اجتناب کریں، شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کر ناٹریفک پولیس کی اولین تر جیح ہے، پتنگ بازوں کی حوصلہ شکنی ٹریفک پولیس کے ساتھ شہریوں کے تعاون سے مشروط ہے،پتنگ بازی کے حوالے سے تمام افسران و جوان ٹیم ورک اور مکمل کوارڈی نیشن کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔