بھارت، موبائل چارجرمیں شارٹ سرکٹ سے 4 بچے ہلاک

آگ نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،والدین شدید زخمی ،اسپتال منتقل

بدھ 27 مارچ 2024 15:58

بھارت، موبائل چارجرمیں شارٹ سرکٹ سے 4 بچے ہلاک
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) بھارت میں موبائل فون چارجنگ کے دوران شارٹ سرکٹ سے آتشزدگی کا واقعہ رونما ہوگیا، جس کے نتیجے میں 4 بچے جھلس کر موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ والدین زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست یوپی کے ضلع میراٹھ میں موبائل فون چارجر میں شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اٹھی جس نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم اس افسوسناک واقعے میں زخمی ہونے والے ایک ہی گھر کے 4 بچے جھلس کر چل بسے، بچے حادثے کے وقت سو رہے تھے۔پولیس کا کہنا تھا کہ بچوں کے والدین انہیں بچانے کی کوشش میں جھلس گئے، بچوں کی والدہ شدید زخمی اور مقامی اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہی ہیں جبکہ والد کی حالت پہلے سے بہتر ہے تاہم اب بھی زیر علاج ہیں۔