17رمضان المبارک یوم وفات ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓ، خواتین اسلام کے لیے بہترین نمونہ ہے سنی علماء کونسل کوئٹہ

بدھ 27 مارچ 2024 21:44

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) سنی علماء کونسل کوئٹہ کے صدر علامہ عبد الرحیم ساجد، قاری محمد ایوب انصاری، مولانا مقبول الرحمٰن شاہ، مولانا فضل احمد صدیقی، محمد آصف مینگل،قاری نزیر احمد فاروقی،شکیل احمد گجر، میر عبدالمالک رند و دیگر نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ام المومنین حضرت عائشہ ؓ کو تمام عورتوں پر ایسی فضیلت ہے جیسے ثرید کو تمام کھانوں پر۔

آپ ﷺکو حضرت عائشہ صدیقہ ؓ عنہا سے بہت محبت تھی، ایک مرتبہ حضرت عمرو ابن عاص نے حضور سے دریافت کیا کہٹ آپ دنیا میں سب سے زیادہ کس کو محبوب رکھتے ہیں آپ نے فرمایا کہ عائشہ ؓ عنہا کو، عرض کیا گیا کہ اے اللہ کے رسول! مردوں کی نسبت سوال ہی! فرمایا کہ عائشہ کے والد ابوبکر صدیق ؓ کو۔

(جاری ہے)

ام المومنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ عنہا کا امت مسلمہ پر بہت بڑا احسان ہے کہ ان کے مبارک واسطہ سے امت کو دین کا بڑا حصہ نصیب ہوا۔

حضرت ابو موسیٰ اشعری ؓ عنہ فرماتے ہیں کہ صحابہ کرام ؓکو کبھی ایسی مشکل پیش نہ آئی جس کے بارے میں ہم نے حضرت عائشہ ؓ عنہا سے پوچھا اور ان سے اس کے بارے میں کوئی معلومات ہم کو نہ ملی ہوں۔ حضور ﷺ وصال کے 48 سال بعد 66 برس کی عمر میں 17 رمضان المبارک 58 ہجری میں وصال فرمایا۔سید عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا کی زندگی خواتین اسلام کے لیے بہترین نمونہ ہے۔