Live Updates

وزیرزراعت عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت محکمہ زراعت کے مستقبل کے اہم منصوبہ جات پر جائزہ اجلاس

بدھ 27 مارچ 2024 21:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق موجودہ حکومت کی اولین ترجیح کاشتکاروں کی خوشحالی اور ان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے زراعت ہاؤس لاہور میں ٹرانسفارمنگ ایگریکلچر اور محکمہ زراعت کے مستقبل کے اہم منصوبہ جات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے صوبائی وزیر کو ان منصوبہ جات پر تفصیلاً بریف کیا۔انھوں نے زرعی شعبے کو درپیش بڑے بڑے چیلنجز اور روڈ میپ کے بارے میں بتایا۔افتخار علی سہو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لیزر لینڈ لولیرز مشینری کی خرید کے لئے 7.6ارب روپے،کھالوں کی تعمیر ومرمت کے لئے 10ارب روپے،ٹیوب ویلوں کی سولر پر منتقلی کی لئے 10ارب روپے،محکمہ زراعت شعبہ(توسیع)کی بحالی کے لئے 4ارب روپے،کسانوں کے لئے قرضوں کی آسان شرائط پر فراہمی کے لئے 10ارب روپے، ماڈل ایگرکلچر سنٹرز کے قیام کے لئے 1.25ارب روپے جبکہ سنٹرز آف ایکسلنس کے لئے 2ارب روپے کے فنڈز درکار ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے سبسڈی پر جدید زرعی آلات و مشینری اور سولر سسٹم فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو تمام بڑی فصلوں خصوصا سویابین کا اعلی کوالٹی کے سیڈ کی فراہمی کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ،ایگرکلچر مارکیٹنگ اور میکناائزیشن پلان پر مؤثر عمل درآمد سے خاطر خواہ نتائج کا حصول ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پانی کے بہتر استعمال کو یقینی بنانے اور پیداواری اور انوسٹمنٹ گیپ کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔ عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ محکمہ زراعت شعبہ(توسیع)کی بحالی،ماڈل ایگریکلچر سنٹرز کا قیام اور کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے ذریعے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کو وقت کا اہم تقاضا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات