عثمان ڈار کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور ،عمرے پر جانے کی اجازت مل گئی

بدھ 27 مارچ 2024 22:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے عثمان ڈار کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں عمرے پر جانے کی اجازت دیدی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے عثمان ڈار کی درخواست پر سماعت کی ۔دوران سماعت وکیل نے موقف اپنایا کہ عثمان ڈار اپنے خاندان کے ساتھ عمرے کرنے جانا چاہتے ہیں، ایف آئی اے نے ان کا نام پروینشل نیشنل آئیڈنٹیفیکیشن لسٹ میں ڈال رکھا ہے۔

وکیل نے مزید کہا کہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ پولیس کے کہنے پر ایف آئی اے نے عثمان ڈار کا نام پی این آئی ایل میں شامل کیا، عثمان ڈار نے پولیس اور ایف آئی اے کو نام لسٹ سے نکالنے کی درخواست کی مگر مذکورہ محکموں نے درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کی۔

(جاری ہے)

عثمان ڈار کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت ان کے موکل کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کا حکم دے اور ایف آئی اے کو عثمان ڈار اور اس کے خاندان کو سعودی عرب جانے میں رخنہ ڈالنے سے روکا جائے۔

بعدازاں عدالت نے عثمان ڈار کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے عمرے پر جانے کی اجازت دے دی۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں عثمان ڈار کی عبوری ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے ان کی 7 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔