سیف الملوک کھوکھر کادہشت گردی کے واقعہ میں چینی باشندوں کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار

بدھ 27 مارچ 2024 22:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر وممبر قومی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر نے بشام میں دہشتگردی کے واقعے میں چینی باشندوں کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے دشمن اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستان اور چین کی دوستی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں لیکن وہ ہمیشہ کی طرح ناکام اور نا مراد رہیں گے ، چینی باشندوں پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ بھی لگایا جائے گا اور انہیں عبرت کا نشان بھی بنایا جائے گا ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشتگردی کے خلاف لڑنے والی جنگ میں اپنی افواج کی پشت پر ہے ،دہشتگرد کبھی بھی اپنے مضموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے بلکہ اس ناسور کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں کون سی قوتیں ملوث ہیں اور ہمارے دفاع کے ادارے ان بز دل دشمنوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو چینی باشندوں کی ہلاکتوں پر افسوس ہے اور ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے بلند ہے ،چین بھی دہشتگردی کے واقعات کے پیچھے چھپے مقاصد سے بخوبی آگاہ ہے ۔