رکنیت کی تجدید کے لئے کراچی چیمبر آئندہ اتوار کھلا رہے گا،دفتری اوقات میں توسیع

بدھ 27 مارچ 2024 23:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے قائمقام صدر الطاف اے غفار نے اعلان کیا ہے کہ ممبرشپ کی تجدید کے لیے کراچی چیمبر آئندہ ہفتہ (30 مارچ) اور اتوار (31 مارچ) کو صبح 9:30 بجے سے شام6:00 بجے تک کھلا رہے گا جبکہ 29 مارچ 2024 بروز جمعہ صبح9:30 بجے سے دوپہر3:00 بجے تک دفتری اوقات میں توسیع کی گئی ہے تاکہ ممبرشپ کی تجدید کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ اس سال رکنیت کی تجدید کی آخری تاریخ 31 مارچ اتوار کے روز پڑ رہی ہے۔انہوں نے تمام اراکین سے کہا کہ وہ جلد از جلد کے سی سی آئی کی رکنیت کی تجدید کرا لیںتاکہ انھیں ممبر شپ کے حوالے سے کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ قائمقام صدر نے کہا کہ کے سی سی آئی کی جانب سے سالانہ ممبرشپ کی تجدید کے حوالے سے پہلے ہی ممبران کو ایس ایم ایس ، ای میل اور خطوط ارسال کیے جاچکے ہیں جن میں ممبران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سال 2024-25 کے لیے اپنی سالانہ ممبرشپ کی تجدید مقررہ تاریخ تک کروالیں۔

(جاری ہے)

الطاف غفارنے کہا کہ ممبرشپ کی تجدید کے لیے مقررہ فیس کے ہمرا ہ انکم ٹیکس ریٹرن اور اگر قابلِ اطلاق ہو تو سیلز ٹیکس ریٹرن جمع کرانا ہوگا۔ ممبران کی سہولت کے لئے کراچی چیمبر نے پہلی بار کے سی سی آئی کے احاطے میںفیصل بینک کا کیش کائونٹر قائم کیا ہے تاکہ ممبران تجدید فیس باآسانی جمع کراسکیں۔ مقررہ تاریخ تک تجدید نہ کرانے پر ممبرشپ معطل کردی جائے گی جس کے نتیجے میںدرخواست گزار کو ممبرشپ حاصل کرنے کے پورے عمل سے دوبارہ گزرنا ہوگا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ کراچی چیمبر نے فیس کی ادائیگی کے طریقہ کار کو سہل بناتے ہوئے فیس جمع کروانے کے لئے مختلف آپشنز دیئے ہیںلہذا ممبران تجدید کی فیس آن لائن بینکنگ کے ذریعے، بینک الحبیب، حبیب میٹروپولیٹن بینک، میزان بینک یا فیصل بینک کی کسی بھی برانچ میں یا یو پیسہ ایپ کے ذریعے بھی جمع کرواسکتے ہیں اور پے آرڈر کے صورت میں بھی فیس کراچی چیمبرمیں جمع کروائی جاسکتی ہے تاہم جمع کی گئی رقم کی رسید بمع انکم ٹیکس ریٹرن کے ہمراہ کے سی سی آئی میںبھیجنا لازمی ہے۔

اگر کسی ممبر کو فیس چالان نہیں مل سکا تو وہ ممبر شپ ڈیپارٹمنٹ سے دفتری اوقات کے دوران رابطہ کر سکتا ہے۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ کراچی چیمبر میں ممبر شپ کارڈ اور سرٹیفیکیٹ کے اجراء کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے جن کی مختلف معاملات میں ضرورت پڑ جاتی ہے۔ #