راولپنڈی ریجن میں بڑھتے جرائم کی روک تھام اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے تمام افسران عملی کام کریں، آر پی او کا حکم

بدھ 27 مارچ 2024 23:15

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے کہا ہے کہ ریجن بھر میں بڑھتے جرائم کی روک تھام اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے تمام افسران عملی کام کریں،منشیات سمگلنگ اورپتنگ بازی کے خلاف بلاتفریق آپریشن شروع کیا جائے،عوام کی جان و مال کی حفاظت اور قانون کی بالا دستی کو قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا ئے گا،بجلی چوری کے مقدمات کے فوری اندراج و ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے، عورتوں، بچوں سے زیادتی کے واقعات میں سینئر افسران بذات خود موقع پر جائیں اور لواحقین کے ساتھ براہ راست رابطہ میں رہتے ہوئے مقدمات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کوہر صور ت یقینی بنایا جائے، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی و دیگر کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث عناصر کیخلا ف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار آر پی او بابر سرفراز الپا نے بدھ کواپنے دفتر میں امن و امان کی صورتحال اور بڑھتے ہوئے جرائم کی روک تھام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے ساتھ باہمی روابط کو مزید موثر بناتے ہوئے فارنر بالخصوص چائنیز باشندوں کی سکیورٹی کا متعلقہ اداروں سے سکیورٹی آڈٹ کروایا جائے جبکہ یوم شہادت حضرت علیؑ کے لیے موثر سکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے۔

آر پی او نے کرائم کے حوالے سے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے مقدمات کے اندراج کے لیے مجوزہ ایس او پی کو ہر صور ت ملحوظ خاطر رکھا جائے، ریکارڈ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے، تمام پرہجوم مقامات میں سکیورٹی کے موثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے، ٹریفک کی روانی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ریجن بھر میں اقدامات کیے جائیں، جرائم پیشہ عناصر کیخلاف موثر کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔