صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کاگورنمنٹ ہائی سکول کوٹ رادھا کشن کا دورہ، طلبہ کیلئے نا مناسب سہولیات پر اظہار برہمی

بدھ 27 مارچ 2024 23:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بدھ کے روز گورنمنٹ ہائی سکول کوٹ رادھا کشن کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا - ترجمان کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم نے سرکاری تعلیمی اداروں کی بہتری اور طلبہ کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے سرپرائز دوروں کا آغاز کر دیا ہے ، اس سلسلے میں رانا سکندر حیات اچانک دورے پر گورنمنٹ ہائی سکول کوٹ رادھا کشن پہنچے۔

انہوں نے سکول میں جاری امتحانی عمل سمیت وہاں کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا اور کلاس رومز میں لاٹئس، صفائی اور صاف پانی کا مناسب انتظام نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا - صوبائی وزیر نے کمپیوٹر لیب فنکشنل نہ ہونے پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سکول انتظامیہ کو فوری طور پر کمپیوٹر لیب فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے سکول میں اپنی مدد آپ کے تحت واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کا بھی اعلان کیا۔

اس موقع پر اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ سرکاری سکولوں کے معیار کی بہتری کیلئے اچانک دوروں کا سلسلہ شروع کیا ہے، سکولوں کی بہتری اور مناسب سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی روز کسی بھی تعلیمی ادارے کا سرپرائز دورہ کرینگے جبکہ آئندہ 5 سالوں میں پنجاب کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں کو ماڈل تعلیمی ادارے بنائینگے۔انہوں نے گورنمنٹ گرلز و بوائز ہائی سکول کوٹ رادھا کشن کی انتظامیہ کو انتظامات کی درستگی کی ہدایت کی۔