خیبر پختونخوا میں نئے عزم و خلوص نیت کے ساتھ نئے سفر کا آغاز کر دیا ہے، وزیر جنگلات

بدھ 27 مارچ 2024 19:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ ہمارے ارادے مضبوط اور حوصلے بلند ہیں خیبر پختونخوا میں نئے عزم و خلوص نیت کے ساتھ نئے سفر کا آغاز کر دیا ہے ہمارے منشور اور ایجنڈے سے عوام بخوبی واقف ہیں عوام نے ہمیں جو عزت دی ہے ہماری کوشش ہوگی کہ جتنے وعدے عوام سے کئے ہیں ان پر ہم پورے اتریں اور عوامی خواہشات اور امیدوں کی مطابق ان کی تکمیل کریں ،جو عوام کی عزت کرے گا وہ درحقیقت میری عزت ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے سوات میں ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران سہیل سلطان، محمد نعیم، سلطان روم، علی شاہ خان کے علاوہ سٹی مئیر شاہد علی اور ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبائی وزیر کو ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ سرکاری افسران عاجزی کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور اپنے دفاتر کے دروازے عوام کے لئے ہمیشہ کھلے رکھیں کیونکہ موجودہ وقت میں آفیسرز پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے وہ انصاف، انسانیت اور خودداری سے اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے ادا کریں عوام ان کی کارکردگی کو ہمیشہ یاد رکھے گی ،انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی کاموں پرخرچ ہونے والی رقوم عوام کی امانت ہیں اس لیے سوات کے منتخب شدہ ارکان اسمبلی کو ان کے حلقوں میں ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت پر آگاہ رکھا جائے تاکہ عوام کیلئے وہ مفید ثابت ہوں انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر اور اعلیٰ معیار میں کو تاہی برداشت نہیں ہوگی اورمتعلقہ افسران عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی بھی کریں کیونکہ فنڈز کے شفاف استعمال پر کوئی سمجھو تہ نہیں ہو گا۔