ْچکوال،تحفظ مرکز میں پچیس سے زائد خواجہ سرائوں سمیت غریب مردوخواتین میں رمضان پیکج تقسیم

بدھ 27 مارچ 2024 19:55

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) ڈی پی او چکوال کیپٹن(ر) واحد محمود نے تحفظ مرکز میں پچیس سے زائد خواجہ سرائوں سمیت غریب مردوخواتین میں رمضان پیکج تقسیم کیا، اس موقع پر امجد محمود ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر، ایس ایچ او تھانہ سٹی ملک محمد ضمیر، انچارج مرکز تحفظ سنٹر سیدہ سمیعہ بتول ایس آئی بھی موجود تھیں۔ڈی پی او نے بتایا کہ ضلع بھر کی تمام مساجد اور امام بارگاہوں میں ماہ صیام کے مقدس ماہ میں افطاری اور سحری کے وقت سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

اختتام پر ڈی پی او نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں تلہ گنگ سمیت ضلع چکوال میں پتنگ بازی اور اس کے خریدوفروخت پر پابندی عائد ہے، خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف مقدمات بھی درج کیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ ڈی ایس پی صدر ندیم ملک کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ سٹی ملک محمد ضمیر اور ان کی ٹیم کی بے حد کاوشوں سے چوری شدہ موٹرسائیکل اور رکشوں کے پارٹس بھی برآمد کیے گئے ۔

انہوںنے بتایا کہ چکوال پولیس کی خواہش ہے کہ عوام ہر حوالے سے پولیس کے ساتھ تعاون کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ کرائم کنٹرول کیے جاسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحفظ مرکز سے جڑے ہوئے لوگوں میں راشن تقسیم کیا گیا ہے ۔تحفظ مرکز سے کئی کمیونٹیز جڑی ہوئی ہیں جس سے وہیل چیئرز کی فراہمی ودیگر سامان کا فراہم کیا جارہا ہے۔