جماعت اسلامی پاکستان کے چھٹے امیر کے لیے انتخاب کا عمل جاری ہے، قیصر شریف

بدھ 27 مارچ 2024 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریف نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کے چھٹے امیر کے لیے انتخاب کا عمل جاری ہے،ملک بھر سے 46 ہزار اراکین اپنا خفیہ بیلٹ کاسٹ کریں گے، سراج الحق کی دوسری مدت8 اپریل کو پوری ہو جائے گی ۔ بدھ کے روز یہاں جاری اپنے ایک بیان میں قیصر شریف نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی کا ہر پانچ سال بعد انتخاب دستوری تقاضا ہے ،امیر جماعت اسلامی کا انتخاب آئندہ پانچ سال کے لیے ہو تاہے ۔

نومنتخب امیر جماعت اسلامی کی مدت اپریل 2029 تک ہو گی ، جماعت اسلامی ایک مکمل جمہوری جماعت ہے ، دستور کے مطابق جماعت اسلامی میں ہر سطح پر باقاعدگی سے انتخابات ہوتے ہیں ۔قیصر شریف نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی فرد یا خاندان کی نہیں بلکہ ہر رکن اور کارکن کی ہے ،ملک بھر کے تمام ضلعی دفاتر میں بیلٹ باکس موجود ہیں ، ضلع کی سطح پر مرکزی انتخابی کمیشن کے نمائندے موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ملک بھر سے 46 ہزار اراکین اپنا خفیہ بیلٹ کاسٹ کریں گے ،اضلاع اور صوبوں سے بیلٹ کے بند لفافے پہنچنے کی آخری تاریخ 31 مارچ ہے ،یکم اپریل سے مرکزی دفتر انتخابی کمیشن منصورہ میں گنتی کا عمل شروع ہو گا ۔قیصر شریف نے کہا کہ گنتی مکمل ہونے پر صدر انتخابی کمیشن راشد نسیم نتائج کا اعلان کریں گے ۔