راولپنڈی میں درج 9 مئی واقعات کے مقدمات کے تمام ملزمان کو ضمانت مل گئی

9 مئی واقعات کے آخری 19 ملزمان کی بھی ضمانتیں منظور، راولپنڈی میں درج 14 مقدمات میں اب کوئی ملزم گرفتار نہیں رہا

muhammad ali محمد علی بدھ 27 مارچ 2024 20:20

راولپنڈی میں درج 9 مئی واقعات کے مقدمات کے تمام ملزمان کو ضمانت مل گئی
راولپنڈی ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 مارچ 2024ء) راولپنڈی میں درج 9 مئی واقعات کے مقدمات کے تمام ملزمان کو ضمانت مل گئی، راولپنڈی میں درج مقدمات میں اب کوئی ملزم گرفتار نہیں رہا۔ تفصیلات کے مطابق 9 مئی واقعات کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 9 مئی واقعات میں ملوث ہونے کے الزام میں راولپنڈی میں جن جن افراد کیخلاف مقدمات درج کیے گئے تھے، وہ تمام افراد ضمانتیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

اس حوالے سے بدھ کے روز اہم پیش رفت ہوئی ۔ بدھ کے روز 9 مئی واقعات کے آخری 19 ملزمان کی بھی ضمانتیں منظور کر لی گئیں جس کے بعد راولپنڈی میں 9 مئی واقعات کے درج 14 مقدمات میں اب کوئی ملزم گرفتار نہیں رہا۔ بدھ کے روز  انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے ضمانتیں منظور کیں اور تمام ملزمان کو 50، 50 ہزار روپے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے جن 5 کارکنوں کی ضمانتیں منظور کی تھیں ان پانچوں کو بھی رہائی مل گئی۔ راولپنڈی ڈویژن میں 9 مئی واقعات میں کل 549 کارکن گرفتار کیے گئے تھے اور 3 فوجی عدالتوں نے مجموعی طور پر 12 ملزمان خلاف ٹرائل مکمل کیے، 8 ملزمان راولپنڈی مقدمات اور 4 ملزمان ایبٹ آباد مقدمات میں گرفتار کیے گئے۔ تمام 19 ملزمان 10 سے 12 مئی کو گرفتار ہوئے اور 10 ماہ سے جیل تھے۔

بتایا گیا ہے کہ بدھ کے روز انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جن گرفتار افراد کی ضمانتیں منظور کی ہیں، ان کی جانب سے ضمانتی مچلکے آج ہی جمع کروانے کی صورت میں انہیں آج ہی اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب لاہور کے تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید اور سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ کی ضمانت منظور ہوگئی، اسی طرح جناح ہاؤس حملہ کے جلاؤ گھیراؤ کیس میں بھی 31 ملزمان کی ضمانت منظور کرلی گئی۔

بدھ کو انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے  ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے نو مئی کو تھانہ شادمان کو نزر آتش کرنے کے مقدمہ کی سماعت کی، صنم جاوید کی جانب سے شکیل پاشا ایڈووکیٹ پیش ہوئے ،عالیہ حمزہ کی جانب سے نصیر الدین نیئر ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے، پراسیکیوشن نے ضمانتوں کیخلاف دلائل مکمل کیے، جن میں پراسیکیوٹر نے کہا کہ خواتین نو مئی کو ریاست مخالف سازش کا حصہ ہیں، ملزمان نے پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ مل کر جلاؤ گھیراؤ کرایا۔

دوران سماعت وکیل صفائی نے اپنے دلائل میں کہا کہ ’ خواتین کو ہر بار ضمانت کے بعد دوسرے کیس میں گرفتار کر لیا جاتا ہے،جس مقدمہ میں اب گرفتار کیا اس میں کوئی کردار نہیں ہے، عدالتی فیصلوں کے مطابق بھی خواتین کو ضمانت جلد ملنی چاہیے‘، بعد ازاں عدالت نے دلائل سننے کے بعد دو دو لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے عوض دونوں ملزمان صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔

بتایا گیا ہے کہ لاہور انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ کے جلاو گھیراؤ کیس میں بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے جہاں سوشل میڈیا ایکٹوسٹ عائشہ علی بھٹہ اور عالیہ شہزادکی درخواست ضمانت منظور کر لی گئی، عدالت نے پی ٹی آئی رہنما احمر رشید بھٹی سمیت 31 ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔ معلوم ہوا ہے کہ عدالت نے ملزمان کو دو دو لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا، عدالت نے دیگر ملزمان کی ضمانتوں پر سماعت 29 مارچ تک ملتوی کر دی، جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث 106 ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں داہر کر رکھی ہیں۔