اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے پٹواریوں کےدفاتر میں کارندے بٹھانے پر پابندی کیلئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیور کو مکتوب ارسال

بدھ 27 مارچ 2024 20:40

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر نے پٹواریوں کے دفاتر میں امیدوار پٹواریوں کے نام سے کارندے مامور کرنے / انہیں دفاتر میں بٹھانے پر پابندی عائد کرنے کیلئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیور کو مکتوب ارسال کر دیا۔ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے لکھے گئے مکتوب میں کہا گیا ہے کہ محکمہ مال سے متعلق محکمہ اینٹی کرپشن کے پاس موصول ہونے والی شکایات پر تحقیقات کے دوران یہ حقیقت منکشف ہوئی ہے کہ محکمہ مال کے عملہ فیلڈ کے پٹواریان نے غیر مجاز طور پر اپنے اپنے دفاتر میں امید دار پٹواری کے نام سے کارندے مامور کر رکھے ہیں جو براہ راست ریکارڈ مال کے تحویلدار کے طور پر دن بھر کام کرتے ہیں، بدوں اختیار نقول ریکارڈ مال مرتب کرتے ہیں، ریکارڈ مال کی عکسی نقول لوگوں کو فراہم کرتے ہیں اور سرکاری دفاتر میں دن بھر سرکاری ملازم ہونے کا تاثر دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ مال کے سرکاری عملہ کے اس طرز عمل سے غیر مجاز افراد کو سرکاری ریکارڈ تک رسائی حاصل ہے جس سے وہ لوگوں کی اراضیات و جائیدادوں کی بابت معلومات ایک دوسرے کو منتقل کرنے کے قابل ہوتے ہیں نیز لوگوں کی نجی حساس معلومات کی ذی غرض اشخاص کو فراہمی اور اس کے عوض غیر قانونی لین دین کا مکروہ دہندہ بھی ہو رہا ہوتا ہے اس سے جہاں لوگوں کے مابین مقدمہ بازی جنم لیتی ہے وہاں بدعنوانی اور رشوت ستانی میں بھی بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے لہذا پٹواریوں کےدفاتر میں کارندے بٹھانے پر پابندی لگائی جائے۔

متعلقہ عنوان :