برسلز میں پاکستانی سفارتخانہ کے زیر اہتمام پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر میں مواقع کے بارے میں ویبینار

بدھ 27 مارچ 2024 21:50

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) برسلز میں پاکستانی سفارتخانہ نے بیلجیئم اور لکسمبرگ میں کاروباری اداروں کے لئے "پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر میں مواقع"کے موضوع پر ایک ویبینارکا انعقاد کیا ۔ پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری میں تعاون اور سرمایہ کاری کو تلاش کرنے کی خواہشمند کمپنیوں نے ویبینارمیں شرکت کی۔ یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کے ساتھ ساتھ پاکستانی حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کا ایک جامع جائزہ پیش کیا۔

انہوں نے پاکستان میں غیر ملکی فرموں کے لئے دستیاب متعدد تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے انہیں سہولت فراہم کرنے کے لئے حکومت کے عزم پر زور دیا۔

(جاری ہے)

برسلز میں پاکستانی سفارتخانہ کے تجارت اور سرمایہ کاری کے اتاشی محمد بلال خان نے پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کے منظر نامے پر ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ مزید برآں پاکستان ٹیکسٹائل کونسل کے سی ای او شیخ اقبال نے پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے امکانات کو اجاگر کیا۔ شرکاء نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے کاروباری برادری کو شامل کرنے اور راغب کرنے کے لئے سفارتخانہ کی کوششوں کو سراہا۔