وساکھی میلہ کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں،سکھ یاتری 13اپریل کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے،عامر ہاشمی

بدھ 27 مارچ 2024 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) متروکہ وقف املاک بورڈ کے ترجمان عامر ہاشمی نے کہا ہے کہ سکھ مذہب کے تہواروساکھی میلہ 2024کے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں،یاتری 13اپریل کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے۔بدھ کے روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وسا کھی میلہ کے حوالے سے چیئرمین بورڈ ارشد فرید خان اور ایڈیشنل سیکرٹری رانا شاہد سلیم گورودواروں میں تزئین و آرائش یاتریوں کی سیکورٹی،رہائش،ٹرانسپورٹ اورمیڈیکل سمیت دیگر انتظامات کا خود جائزہ لیں گے جبکہ شرائنز برانچ کی جانب سے پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کی مشاورت سے انتظامات کو فول پروف بنایا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ وفاقی و صوبائی ادارے اپنی ذمہ داری احسن طریقہ سے انجام دیں گے تاکہ یاتریوں کی مہمان نوازی بہترین انداز میں کی جاسکے اوروہ حسین یادیں لے کر واپس جائیں اور پاکستان کی نیک نامی میں اضافہ ہو۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ بھارت سے یاتری 13اپریل کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے جنہیں بسوں کے ذریعے ریلوے اسٹیشن لایا جائے گا،پھر بذریعہ ٹرین یاتریوں کو حسن ابدال روانہ کیا جائے گا جہاں وساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن کی مرکزی تقریب 14اپریل کو گورو دوارہ پنجہ صاحب میں منعقد ہوں گی جس میں مختلف سیاسی و مذہب رہنما شرکت کریں گے۔چیئرمین بورڈ کے احکامات کے مطابق یاتریوں کو بہترین سہولیات دی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :