پولیس مقابلے میں کانسٹیبل اور بچی ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے

جمعرات 28 مارچ 2024 12:56

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) پولیس مقابلے میں کانسٹیبل اور 7 سالہ بچی ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر تاندلیانوالہ کے علاقہ 396 گ ب میں پولیس مقابلے کے دوران کانسٹیبل جاوید اور7 سالہ بچی عائشہ ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق تھانہ صدر تاندلیانوالہ کی ریڈنگ پارٹی مقدمہ نمبر 211/24 میں ملزمان شاہد علی اور علی رضا عرف بلا کی گرفتار کیلئے 396 گ ب انکے ڈیرے پر پہنچی تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کی زد میں آکر کانسٹیبل جاوید شدید زخمی ہوگیا، جس کو سینے، پہلو اور کندھے پر تین فائر لگے۔ پولیس کی جوابی کارروائی پر ملزمان فرار ہوگئے فروری کے دوران ملزمان نے قریبی ڈیرے سے اسلحہ کی نوک پر موٹر سائیکل چھینی اور مزاحمت پر فائرنگ کی جس کی زد میں آکر 7 سالہ بچی عائشہ سر میں فائر لگنے سے زخمی ہوگئی۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو ریسکیو 1122 کی مدد سے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی کانسٹیبل کی تیمار داری کیلئے سی پی او ہسپتال پہنچ گئے۔محمد علی ضیاء نے الائیڈ اسپتال میں زیر علاج کانسٹیبل جاوید اقبال کی تیمارداری کی۔ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر کو زخمی کانسٹیبل کے علاج ومعالجہ کی بہترین سہولیات فراہمی کی ہدایت کی۔سی پی او نے ملزمان کی فوری گرفتار کے احکامات جاری کردئیے۔