بے روزگاری نے بھارتی نوجوانوں کا مستقبل تباہ کر دیاہے، کانگریس

جمعرات 28 مارچ 2024 14:16

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) انڈین نیشنل کانگریس کے صدر ملکار جن کھرگے اور جنرل سیکرٹری پریانکا گاندھی نے بھارت میں بیروزگاری کے تازہ ترین اعداد وشمار کو خوفناک قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے نوجوان مودی حکومت کی بے حسی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ مسلسل بڑھتی بے روزگاری نے نوجوانوں کا مستقبل تباہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے بارے میں” آئی ایل او“اور” آئی ایچ ڈی “کی رپورٹس یہ بتاتی ہیں کہ بھارت میں بے روزگاری کا مسئلہ سنگین ہے اور ہم بے روزگاری کے ٹک ٹک بم پر بیٹھے ہیں لیکن حکومت کے معاشی مشیر یہ کہہ کر اپنے پیارے رہنما (مودی) کا دفاع کر رہے ہیں کہ بے روز گاری جیسے بڑے مسئلے کا حل حکومت کے بس میں نہیں ۔ پریانکا گاندھی نے کہا کہ انڈین ایمپلائمنٹ رپورٹ 2024کہتی ہے کہ بھارت میں کل بے روزگاروں میں83فیصد نوجوان ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کا ہر نوجوان سمجھ چکا ہے کہ بی جے پی اسے روزگار نہیں دے سکتی۔