لاہورپولیس کی پتنگ بازی کے خلاف کارروائیاں جاری،رواں سال 1931 ملزمان گرفتار

جمعرات 28 مارچ 2024 14:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) لاہور پولیس نے پتنگ بازی کے خلاف رواں سال مختلف کارروائیوں کے دوران 1931ملزمان کو گرفتار کر کے 1872مقدمات درج کئے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا کہ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے37ہزار350 سے زائد پتنگیں اور1622چرخیاں برآمدکی گئیں۔ کینٹ ڈویژن میں پتنگ بازی کے434ملزمان، سول لائنز ڈویژن میں 165، سٹی ڈویژن میں 451، اقبال ٹان ڈویژن میں 255، صدر ڈویژن میں 285اور ماڈل ٹان ڈویژن میں 341ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

سی سی پی او لاہور نے کہا کہ دھاتی ڈور اور پتنگ بازی کے جان لیوا کھیل میں ملوث افراد کے خلاف منظم کریک ڈائون جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ قاتل ڈور اور پتنگوں کی تیاری، خریدوفروخت اور استعمال میں ملوث قانون شکن عناصرسے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت انسانی زندگیوں سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ سازوں اور ڈورمینوفیکچررز کا قلع قمع کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی ایک جان لیوا شوق ہے، والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے روکیں۔سی سی پی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی سماجی ذمہ داری نبھائیں اور پتنگ بازی کی اطلاع 15پر دیں تا کہ قانونی کارروئی کی جا سکے۔