فریڈم فلوٹیلا،ترک این جی او نے غزہ امداد لے جانے کیلئے 2 بحری جہاز خرید لیے

خریدے گئے دو میں سے ایک جہاز انادولو میں ساڑھے 5 ہزار ٹن سامان لیجانے کی گنجائش ہے،رپورٹ

جمعرات 28 مارچ 2024 15:16

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) ترک امدادی ادارے آئی ایچ ایچ نے مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ تک امداد پہنچانے کے لیے دو بحری جہاز خرید لیے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق آئی ایچ ایچ کے چیئرمین بلینٹ یلدرم نے غزہ تک امدادی سامان پہنچانے کے منصوبے انٹرنیشنل فریڈم فلوٹیلا کے لیے خریدے گئے جہازوں کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

اپنے تحریری بیان میں آئی ایچ ایچ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ امدادی مشن کے لیے خریدے گئے دو میں سے ایک جہاز انادولو میں ساڑھے 5 ہزار ٹن سامان لیجانے کی گنجائش ہے۔ خیال رہے کہ آئی ایچ ایچ ہی وہ این جی او ہے جس کی جانب سے 2010 میں غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کے لیے بھیجے جانے والے امدادی جہاز ماوی مرمرہ پر اسرائیلی فورسز نے حملہ کردیا تھا۔اس حملے کے نتیجے میں جہاز پر موجود 10 امدادی کارکن جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس حملے کے بعد اسرائیل اور ترکی کے درمیان سفارتی بحران بھی پیدا ہوگیا تھا۔