عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے، ڈسٹرکٹ انچارج ٹریفک پولیس سرگودھا محمد یوسف چیمہ

جمعرات 28 مارچ 2024 15:40

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں تمام شہری خود بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں۔

(جاری ہے)

والدین بچوں کو پتنگ بازی نہ کرنے دیں یہ خونی کھیل بن چکا ہے اس خونی کھیل میں زیادہ تر نقصان سڑکوں پر چلنے والے موٹر سائیکل سواروں کا ہوتا ہے جن کی حفاظت کیلئے سرگودھا ٹریفک پولیس نے ان کے موٹر سائیکلوں پر قاتل ڈور سے بچنے کیلئے مہم کو تیز کردیا ہے یہ آگاہی مہم سرگودھا ضلع میں تمام تحصیلوں کی سطح پر تیزی سے جاری ہے ،ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ انچارج ٹریفک پولیس سرگودھا محمد یوسف چیمہ نے سٹی انچارج ٹریفک پولیس سعید اختر کے ہمراہ یونیورسٹی روڈ پر موٹر سائیکل سواروں کو انٹینا لگانے کی مہم کے دوران شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اس خطرناک خونی کھیل سے کوئی نقصان نہ ہو اس لئے تمام موٹر سائیکل سوار قاتل ڈور سے بچنے کیلئے اپنے موٹر سائیکلوں پر انٹینا لگائیں۔

محمد یوسف چیمہ اور سعید اختر نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں ٹریفک کی روانی کیلئے ڈیوٹی پلان ترتیب دیدیا ہے انشاء اللہ اس پلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے رمضان المبارک میں ٹریفک کی روانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔