محکمہ تعلیم سندھ میں ڈائریکٹر، ڈی اوز اور ٹی اوز کے تعیناتی کے لیے سرچ کمیٹی قائم کردی گئی

محکمہ تعلیم سندھ نے انتظامی عہدوں پر تقرریوں کے حوالے سے اہم فیصلہ ،اہم عہدوں کی میرٹ پر تعیناتیوں کے لیے طریقہ کار تیار

جمعرات 28 مارچ 2024 15:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) محکمہ تعلیم سندھ نے انتظامی عہدوں پر تقرریوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے صوبے میں اہم عہدوں کی میرٹ پر تعیناتیوں کے لیے طریقہ کار تیار کر لیا ہے۔وزیر تعلیم سردار شاہ کی ہدایت پر محکمہ تعلیم میں ڈائریکٹر، ڈی اوز اور ٹی اوز کے تعیناتی کے لیے سرچ کمیٹی قائم کی گئی ہے، محکمہ تعلیم کے مطابق ڈائریکٹرز اور ڈسٹرکٹ آفیسرز کے لیے قائم سرچ کمیٹی کے چیئرمین وزیر تعلیم ہوں گے۔

(جاری ہے)

سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندھ اور چیف پروگرام منیجر آر ایس یو سرچ کمیٹی کے ممبر ہوں گے، ٹی اوز کی تعیناتی کے لیے قائم سرچ کمیٹی کے چیئرمین اسپیشل سیکریٹری ہوں گے۔محکمہ تعلیم کے مطابق اہل افسران عہدوں کے لیے اپلائی کریں گے جنھیں اہلیت اور میرٹ کے مطابق تعینات کیا جائے گا، اہل افسران کو ویٹنگ پول میں رکھا جائے گا اور ضرورت کے تحت عہدوں پر تعیناتیاں کی جائیں گی، جب کہ سرچ کمیٹی کے قیام سے اب براہ راست افسران کو عہدوں پر تعینات نہیں کیا جا سکے گا۔سردار شاہ نے کہا کہ سرچ کمیٹی سے اہل قرار دیے جانے والے افسران کو انتظامی امور چلانے کے حوالے سے ٹریننگ بھی دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :