سندھ ہائی کورٹ ، کراچی سمیت سندھ بھر میں پبلک ٹوائلٹ کی موجودگی یقینی بنانے کی درخواست غیر معینہ مدت تک ملتوی

جمعرات 28 مارچ 2024 15:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی سمیت سندھ بھر میں پبلک ٹوائلٹ کی موجودگی یقینی بنانے کی درخواست غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں کراچی سمیت سندھ بھر میں پبلک ٹوائلٹ کی موجودگی یقینی بنانے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالت نے فریقین کے دلائل سن لیے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے بتایا کہ سال 2013 میں پبلک ٹوائلٹس کی تعمیرات کے لئے اسٹیرنگ کمیٹی بنائی گئی۔

کراچی میں عوامی مقامات پر 800 ٹوائلٹس بنانے کا پلان دیا گیا تھ لیکن اس کے بعد معاملے پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔درخواست گزار نے بتایا کہ یو این سسٹین ایبل ڈیولپنٹ گولز کے تحت صاف پانی اور صحت کی ذمہ داری ریاست کی ہے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ درخواست پر آج ہی تحریری حکم نامہ جاری کریں گے۔عدالت نے درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔